سفرِ حج سے پہلے پاکستان میں تیاری

حاجی کیمپ میں آمد

ہر حاجی کیمپ  میں عازمینِ حج کی سہولت کے لیے مختلف شعبے قائم کیے جاتے ہیں، جن میں استقبالیہ، معلومات، ائیر لائن کے دفاتر،  بینک برانچیں، ڈسپنسری، کینٹین اور ضروری  اشیا ءکے اسٹال شامل ہوتے ہیں۔

آپ وزارتِ مذہبی امور کی جانب سےسفر حج کےپروگرام کا خط ملنے کے مطابق پرواز سے دو دن پہلے اپنی سفری دستاویزات یعنی پاسپورٹ ٹکٹ وغیرہ  لینے کے لیے صبح 9 بجے متعلقہ حاجی کیمپ میں تشریف لائیں۔روانگی کا پروگرام آپ وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر بھی دیکھ سکتے ہیں ۔

دور  دراز کے علاقوں سےسفر کرنے والے حجاج کرام حاجی کیمپ تشریف لاتے وقت سفر حج کا اپنا مکمل سامان ساتھ لےکرآئیں جہاں ان کے لیے رہائش کی سہولت  مو جو د ہے۔جبکہ نزدیکی علاقوں کے عازمینِ حج جو حاجی کیمپ میں رہائش نہیں اختیار کرنا چاہتے وہ اپنے ضروری  کاغذات (بینک رسید، اطلاع نامہ اور شناختی کارڈ) کے ہمراہ حاجی کیمپ تشریف لائیں۔

آپ پر حاجی کیمپ میں ٹھہرنے کی پابندی نہیں ہے، لیکن دوردراز سے آئے ہوئے حجاج کے لئے  یہاں ٹھہرنے کا بندوبست بھی ہے۔ پرواز سے کم از کم 6گھنٹے قبل آپ کو ایئر پورٹ خود پہنچنا  ہو گا۔