سفرِ حج سے پہلے پاکستان میں تیاری

حاجی کیمپ میں ضروری امور

اگر کسی خاص بیماری مثلا شوگر،بلڈپریشر وغیرہ میں مبتلا ہیں تو اس کا اندراج علاج کی کتاب  (Treatment Book) میں کروائیں۔  یہ کتاب حاجی کیمپ کی ڈسپنسری سے مل سکتی ہے۔ نیزچالیس روز کے لیئے  دوائیں بھی حاجی کیمپ کی ڈسپنری سے پیک کروا لیں۔ اگر آپ نے ابھی تک  ویکسی نیشن  نہیں کرائی  تو  آپ اسی ڈسپنسری سے کرا لیں۔

وزارت کی طرف سے ملنے والے اطلاع نامے کا  کارڈ پیش کر کے متعلقہ ایئرلائن کے کاونٹر  سے پاسپورٹ اور ائیر ٹکٹ  حاصل کریں۔ پاسپورٹ پر اپنے کوائف،  ویزا   اور اس پرتصویر ضرور چیک کریں۔ بعض اوقات  ویزے پرتصویر غلطی سے تبدیل ہو جا تی ہے یا    اس پر نام غلط لکھا جاتا ہے اور آگے چل کر پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔ اس لیے احتیاط ضروری ہے۔ ایئرلائن کے عملہ سے پرواز کی روانگی کے اوقات کے متعلق آگاہی ضرور حاصل کرلیں۔

بینک سے ملنے والی تصویر والی  رسید، پاسپورٹ اور ائیر ٹکٹ   اس بینک کی برانچ میں پیش کریں جس میں آپ نے واجبات جمع کرائے تھے۔ متعلقہ بینک کی برانچ سے  آپ کوکچھ کرنسی واپس کی جائے گی۔ واپس کی گئی رقم کا دارومدار مکہ مکرمہ میں آپ کے لئے  لی گئی رہائشی عمارت کے کرائے پر ہوتا ہے۔ چونکہ مکہ مکرمہ میں عمارتوں کے کرائے ان کے معیار یا حرم سے فاصلے کے حساب سے مختلف ہوتے ہیں لہٰذا مختلف عازمینِ حج کو واپس کی گئی رقم میں فرق ہوتا ہے۔ اگرعازمین حج میں سے کسی حاجی کو آپ سے زیادہ رقم واپس کی گئی ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کی عمارت کا کرایہ آپ کی عمارت کے کرایے سے کم ہے اور یوں اس کی رقم زیادہ بچی ہے اس سلسلے میں بینک یا دوسرے افراد کے ساتھ بحث ومباحثہ سے گریز کریں ۔

ہرحاجی کو یہاں ایک شناختی لاکٹ دیا جائے گا جس پر حاجی کا نام ،پاسپورٹ نمبر، مکتب نمبر اور مکہ مکرمہ کی رہائش گاہ کا پتہ درج ہو گا۔ اس شناختی لاکٹ کو ہر وقت گلے میں ڈالے رکھیں تاکہ سعودی عرب میں آپ کی رہنمائی میں آسانی ہو۔

تمام ضروری امور سے فارغ ہونے کے بعد حاجی  کیمپ  میں ہو نے والے حج تربیتی پروگراموں میں  شرکت  آپ کے لیے فا  ئدہ مند ہو گی۔ یہ  پروگرام حاجی کیمپ کی مسجد میں ہو تے ہیں۔