سفرِ حج سے پہلے پاکستان میں تیاری
ایئر پورٹ کےامور
عازمینِ حج کوچاہیے کہ پرواز کے وقت سے کم از کم چھ گھنٹے قبل ایئر پورٹ پہنچ جائیں۔ ایئر پورٹ کی عمارت میں داخل ہونے کے بعد کسٹم حکام سامان چیک کریں گے اور پھر اسے سکیننگ مشینوں سے گزارا جائے گا۔ اس کے بعد آپ متعلقہ پرواز کے کاؤنٹر پر سامان جمع کروائیں گے۔ پاسپورٹ اور ایئر ٹکٹ دکھا کر بورڈنگ کارڈ وصول کریں گے۔ سامان جمع کروانے کے بعد آپ کو جدہ یا مدینہ منورہ پہنچ کر سامان وصول کرنے کے لئے ٹیگ بھی دیئے جائیں گے۔ انہیں سنبھال لیں اور دستی سامان والا بیگ اپنے پاس ہی رکھیں ۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے سامان پر حج کا ٹیگ لگا دیا گیا ہے۔اس کے بعد آپ کو امیگریشن کاؤنٹر سے گزرنا ہو گاجہاں پاسپورٹ پر ملک سے باہر جانے کا اندراج کیا جائے گا ۔ اب اپنا پاسپورٹ دستی سامان والے بیگ میں محفوظ کرلیں اور صرف بورڈنگ کارڈ ہاتھ میں رکھیں۔ یوں سیکورٹی کے مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد آپ مسافروں کی انتظار گاہ میں پہنچ جائیں گے جہاں آپ پرواز کی روانگی تک رہیں گے۔