مشاعر مقدسہ کا تعارف

پول نمبر

منیٰ میں حجاج کے رہائشی علاقے کو مختلف کیمپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر کیمپ کا ایک خاص نمبر ہوتا ہے جو ایک پول کے اوپر چھوٹے سے بورڈ پر نمایاں لکھا ہوتا ہے۔ یہ نہایت ہی اہم نشان ہے جوعازمینِ حج کی منیٰ میں رہنمائی کے لئے  بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس پول پر خیمے کانشان بناہوتا ہے۔ خیمے کے نشان کے اوپر عربی زبان میں اور نیچے انگریزی زبان میں پول نمبر لکھا ہوتا ہے۔ پول نمبر سے متعلق مندرجہ ذیل نکات اچھی طرح  ذہن نشین کر لینے سے منیٰ میں نہ صرف اپنے خیمے کو تلاش کرنا آسان ہوجائے گا بلکہ دوسرے عازمینِ حج کی رہنمائی کرکے اجرو ثواب حاصل کرنا بھی ممکن ہوجائے گا۔

پول نمبر کسر اعداد کی شکل میں لکھے جاتے ہیں ۔ مثلاً6/56 کا اوپر والا ہندسہ کیمپ نمبر یا پول نمبر کو ظاہر کرتا ہے اور نیچے والا ہندسہ متعلقہ سڑک نمبر کو ظاہر کرتا ہے۔ یعنی پول نمبر6/56سڑک نمبر56 کا6  نمبر کیمپ کو ظاہر کرتا ہے۔

پول نمبر ہر چھوٹی بڑی سڑک کے دونوں کناروں پر کیمپ کے اندر لگے نظر آتے ہیں۔ ان نمبروں کی ابتداء ہر سڑک کے آغاز میں الٹے یعنی بائیں رخ کی طرف اس طرح سے ہوتی ہے کہ طاق نمبر کے پول سڑک کے بائیں طرف اور جفت نمبر کے پول سڑک کی دائیں طرف ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ 56سڑک کی ابتدا سے اس پر چلناشروع کریں تو شروع میں ہی پول نمبر56/1 آپ کے بائیں طرف ہوگا اور تھوڑی دیر بعد پول نمبر‎56/2آپ کے دائیں ہاتھ کی طرف آئے گا۔

            کسی بھی سڑک پر کل پول نمبروں کی تعداد اس کی لمبائی پر منحصر ہوتی ہے۔یعنی کسی چھوٹی سڑک کے پولوں کی تعداد بڑی سڑک کے پولوں کی تعداد سے کم ہوگی۔ مثال کے طور پر سڑک نمبر521زون نمبر5کی ایک چھوٹی سڑک ہے لہٰذا اس کے پول نمبروں کی کل تعداد 9ہے۔ یعنی آخری پول نمبر‎56/9ہے۔ اس طرح طریق62سوق العرب ایک بڑی سڑک ہے اس کے پول نمبروں کی تعداد 63ہے۔ یعنی اس سڑک پر آخری پول نمبر62/63ہے۔

            تمام بڑی سڑکوں کے پول نمبر جمرات کی طرف سے شروع ہوتے ہیں اور کبری فیصل کے پاس ختم ہوتے ہیں۔ لہٰذا اگر آپ اس سڑک پر کہیں بھی موجود ہیں اورآپ کو اپنے مکتب کا پول نمبر معلوم ہے تو آپ درست سمت جاکر اپنے خیمے میں جاسکتے ہیں۔

            مکتب کے ذمہ داران ہر حاجی کو گلے میں لٹکایا جانے والا مکتب کارڈیا کلائی پر باندھنے کے لئے  پلاسٹک بینڈ دیتے ہیں۔ جس پر منیٰ اور عرفات کے پتے بمعہ پول نمبر درج ہوتے ہیں ۔ انہیں حج کے ایّام میں اپنے پاس محفوظ رکھیئے اور اپنے خیمے کا راستہ کھو جانے کی صورت میں آپ کسی بھی ملک کے رضاکار یا معاون کو کارڈ/بینڈ دکھا کر راستہ معلو م کرسکتے ہیں