سر زمین سعودی عرب

جدہ ایئر پورٹ

جدہ ایئر پورٹ پر آپ کوغیر معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ امیگریشن اور دیگر مراحل سے گزر کر عازمینِ حج کا سامان مکہ مکرمہ جانے والی بسوں میں رکھا جاتا ہے۔ یہاں مندرجہ ذیل امور انجام دیئے جاتے ہیں:

  • جدہ ایئر پورٹ پر جہاز سے اترنے کے بعد آپ کی ویکسی نیشن کی جائے گی اور بعض اوقات پاکستان میں کی گئی ویکسی نیشن کے کارڈ بھی چیک کیے جاتے ہیں۔
  • ایئر لائن کا سٹاف آپ کو امیگریشن کاؤنٹر پر لے جائے گا جہاں پاسپورٹ پر دخول (Entery) کی مہر لگائی جائے گی اور پاسپورٹ آپ کو واپس دے دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی سعودی حج ریکارڈ میں آپ کا اندراج کر لیا جائے گا۔
  • اس کے بعد آپ اپنا سامان وصول کریں گے اور کسٹم کلیرنس اور سکیورٹی سکینرز کے مرحلے سے گزرتے ہوئے ایئر پورٹ کی عمارت سے باہر آ کر بڑی بڑی چھتریوں سے ڈھکے میدان میں آ ئیں گے جہاں مختلف ممالک کےحجاج کی انتظار گاہیں ہیں۔
  • جدہ ایئر پورٹ کی عمارت سے باہر آ کر آپ اپنا سامان پورٹرز کے حوالے کریں گے جو اسے ایک بڑی ٹرالی میں رکھ کر پاکستانی حجاج کی انتظار گاہ میں لے جائیں گے۔ احتیاطاً اس ٹرالی کا نمبر اپنے پاس نوٹ کر لیں۔
  • راستہ کی نشاندہی کیلئے پاکستانی پرچم جا بجا لگے ہوں گے۔ خوش آمدید کیلئے پاکستانی ڈیوٹی اسٹاف سبز جیکٹ اور کیپ میں ملبوس ہوں گے۔
  • جب آپ کی پرواز کے مسافروں کو مکہ مکرمہ لے جانے والی بسوں کا انتظام ہو جائے گا تو آپ کو بس سٹاپ کی طرف لے جانے کے لئے  اعلان کیا جائے گا۔آپ اپنا سامان اپنے گروپ کے لئے  مخصوص بس کے نزدیک رکھ دیں گے اور پورٹرز اسے بس پر لوڈ کر دیں گے۔یہاں آپ اپنا پاسپورٹ مؤسسہ کے نمائندوں کے حوالے کر دیں گے لیکن پاسپورٹ حوالے کرتے وقت اپنا ٹکٹ نکال کر اپنے پاس محفوظ کر لیں۔
  • خیال رکھیں کہ آپ کا سامان جس بس پر رکھا گیا ہے آپ اسی بس میں سوار ہو رہے ہیں۔
  • تقریباً ایک گھنٹہ سفر کرنے کے بعد بس زم زم دفاتر کے سامنے رکے گی یہاں آپ کو زم زم اور کچھ کھانے کی اشیاء کا تحفہ دیا جائے گا اور کچھ ضروری کاغذی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہاں سے کچھ فاصلے کے بعد حرم کی حدود شروع ہو جاتی ہے۔
  • بسیں آپ کو مکہ مکرمہ میں آپکی مخصوص رہائش گاہ پرلےجائیں گی جہاں آپ کے مکتب کاعملہ موجود ہو گا۔وہ آپ کو مکتب کے کارڈ اور پیلےرنگ کے شناختی بریسلیٹ دیں گے۔ شناختی بریسلیٹ آپ کے پاسپورٹ کا نعم البدل ہیں اور سعودی عرب کے قیام کے دوران یہ ہر وقت آپ کی کلائی پر موجودرہنے چاہیں۔
  • حج کے موسم میں کوئی سعودی اہلکار عازمینِ حج کے کاغذات چیک نہیں کرتا۔ اگر کوئی اس طرح کا مطالبہ کرتا ہے تو ہوشیار رہیں اور سوائے گلے کے کارڈ کے کوئی اور کاغذات نہ نکالیں۔
  • پاکستان سے براہ راست مدینہ منورہ جانے والے عازمینِ حج سے ایئر پورٹ پر مکتب الوکلاء والے پاسپورٹ لے لیں گے اور اس کی جگہ ایک کارڈ دیں گے۔ اسے سنبھال کر رکھیں کیونکہ اس پر حاجی کے بارے میں ساری معلومات درج ہوتی ہیں۔