سر زمین سعودی عرب

سعودی عرب میں رہنمائی و شکایات کا طریقہ کار

حکومتِ پاکستان نے سعودی عرب میں عازمینِ حج کی رہنمائی، مدد اور دیکھ بھال کے لئے جدہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دفاتر کھول رکھے  ہیں۔ جن میں آپ کی سہولت کے لئے تمام ضروری شعبے قائم کئے جاتے ہیں۔ ان میں ہسپتال، پی آئی اے، کمپیوٹر اور معاونین الحجاج کے دفاتر ہو تے ہیں۔ یہاں ہر قسم کی معلومات مثلاً گمشدگی، مدینہ روانگی، شکایات، بازیابی، بیماری اور موت وغیرہ کے کاؤنٹر بھی موجود ہیں۔جہاں سے عمومی مسائل کے حل کے لئے مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ علاوہ ازیں  سبز رنگ کی جیکٹ  اور ٹوپی  میں گشت کرنے والی جماعتیں ہر قسم کی مدد اور رہنمائی کے لئے مختلف مقامات پر چکر لگاتی رہتی ہیں۔

اگر آپ کو دورانِ قیام کوئی مسئلہ درپیش ہو یا رہنمائی درکار ہو تو سب سے پہلے عمارت میں موجود معاونِ حجاج سے رابطہ کریں،  وہ آپ کی ہر ممکن مدد و رہنمائی کرے گا۔ شکایت کی صورت میں استقبالیہ پر موجود رجسٹر میں اپنی شکایت درج کروانے پر اصرار کریں۔ معاونِ حجاج  آپ کی شکایت درج کرنے کا پابند ہے۔

اگر عمارت میں موجود معاونِ حجاج آپ کی شکایت کا ازالہ نہ کر سکے تو اپنے قریبی دفتر برائے امورِ حجاج کے سیکٹر یا سب سیکٹر آفس سے رجوع کریں ۔ اس کے ساتھ ہی مفت ہیلپ لائن 08001166622 پر اپنی شکایت درج کرائیں۔

اگر اس کے باوجود بھی مسئلہ حل نہ ہو تو مین کنٹرول آفس (MCO) میں موجود عملہ سے یا ڈائریکٹر (حج) یا ڈائریکٹرجنرل  (حج) سے ملاقات کریں۔ کسی بھی صورت میں احتجاج کا راستہ نہ اپنائیں  اور نہ ہی معصوم حجاج کو احتجاج پر اکسائیں۔ اس سے معاملات مزید خراب ہو سکتے ہیں  اور سعودی پولیس  ضروری کاروائی کر سکتی ہے۔

 حکومتِ سعودی عرب نے بھی عازمینِ حج کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف ادارے اور دفاتر قائم کر رکھے ہیں جن میں مکہ مکرمہ میں معلمینِ کی کارپوریشن (مؤسسہ جنوب آسیا)اور مدینہ منورہ میں ادلہ کارپوریشن (مؤسسہ ادّلہ اہلیہ )شامل ہیں۔