عمرہ کا طریقہ

صفا و مروہ کی سعی

ٓبِ زم زم  پینے  کے بعدسعی کے لیے صفا کی طرف جاتے ہوئے  حجر اسود کانواں استلام کریں، یہ استلام ِ مسنون ہے۔مطاف سےصفا  پہاڑی کی طرف جانے کا راستہ حالیہ توسیع میں مقام ابراہیم کے سامنے برآمدوں میں سے بنایا گیا ہے۔ جس کی نشاندہی کے لیئے جگہ جگہ بورڈ بھی لگا دیے گئے ہیں ۔  کوہ صفاکی طرف یہ کہتے ہوئے جائیں:

اَبْدَأُ بِمَا بَدَأَ اللہُ تَعَالٰی بِہٖ اِنَّ الْصَّفَا وَالْمَرْوَۃَ مِنْ شَعَآئِرِاللہِ ط

‘‘میں ابتدا کرتا ہوں ساتھ  اس کے جس کے تذکرے کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے  ابتدا کی ہے، یقینا صفا اور مروہ اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ہیں’’    

صفا کی پہاڑی پر زیادہ اُوپر چڑھنا خلافِ سنت ہے اور مروہ پر بھی زیادہ اُوپر نہیں چڑھنا چاہیے،صرف اتنا چڑھنا کافی ہےکہ خانہ کعبہ نظر آجائے، وہاں بیت اللہ کی طرف منہ کر کے کھڑے ہو جائیں۔ پھر دونو ں ہاتھوں کو کندھوں تک آسمان کی طرف اس طرح اُٹھائیں جس طرح دُعا میں اُٹھاتے ہیں، پھر اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کرتے ہوئے تین مرتبہ اللہ اکبر پڑھیں۔ تکبیر و کلمہ بلند آواز میں پڑھیں اور خوب دل لگا کر دُعا مانگیں، ہر ایک کیلئے دُعا مانگیں، تمام مسلمانوں کے حق میں دُعا مانگیں اور ملک کی سلامتی و بقا کیلئے دُعا مانگیں یہ بھی دُعا کے قبول ہونے کا مقام ہے۔ نیز درج ذیل کلمات کو وردِ زبان رکھیں:

لَا اِلٰہَ إلَّا اللهُ وَحْدَهٗ لَا شَرِيْكَ لَهٗ  لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلىٰ كُلِّ شَيءٍ قَدِيْرٌ O لَا اِلٰہَ إلَّا اللهُ أنْجَزَ وَعْدَهٗ وَنَصَرَ عَبْدَهٗ وَهَزَمَ الْأَحْزَ ابَ وَحْدَهٗ ط

اب صفا سے مروہ کی طرف  چلیں ۔چند قدموں کے فاصلے پر مسعی کی چھت میں کچھ لمبائی کی سبز لائیٹیں لگی ہیں(صفا اور مروہ  کے درمیانی علاقےکو مسعی کہا جاتا ہے) ۔ جونہی سبز لائیٹوں کے نیچے پہنچیں تو مرد حضرات ذرا  دوڑ کر چلیں لیکن خواتین عام  رفتار سے چلیں اور یہ دُعا کریں:

رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَتَجَاوَزْ عَمَّا تَعْلَمُ اِنَّکَ اَنْتَ الْاَعَزُّالْاَ کْرَمُ ط

‘‘اے میرے رب بخش دے اور رحم فرما  اور میری  لغزشیں  جن کو آ پ جانتے ہیں درگزر فرما دیجئے بیشک آپ زبردست بزرگی والے ہیں۔’’

صفا اور مروہ کے چکروں کے بارے میں ایک بات ذہن نشین کر لیں کہ صفا سے مروہ تک جانے کو ایک چکر کہتے ہیں اور پھر مروہ سے صفا تک آنے کو دوسرا چکر۔ دوبارہ  صفا سے مروہ تک جائیں گے تو تیسرا چکر اور پھر مروہ سے صفا تک آ ئیں گے تو چوتھا چکر ہو گا ۔ اسی طرح ساتواں چکر مروہ پرختم ہو گا۔ ساتویں چکر کے بعد مروہ پر آپ کی سعی مکمل ہو جائے گی۔