مشاعر مقدسہ کا تعارف

منیٰ میں داخلے کے راستے

8ذو الحجہ کو اس مبارک وادی میں حجاج کے داخلے کے ساتھ ہی اسلام کے رکنِ  حج کے مناسک کا آغاز ہو جاتا ہے ۔عازمینِ حج کیلئے بہترہوگا کہ 8ذو الحجہ کو منیٰ میں پہلی بار اپنے مکتب کے ذمہ دار افراد کی رہنمائی میں جائیں ۔ البتہ منیٰ میں داخل ہونے کے لئے مندرجہ ذیل 4بڑے راستے ہیں۔ایام حج سے پہلے ان راستوں سے شناسائی عازمینِ حج کیلئے فائدہ مند ہوگی۔

مدخل طریق  68  الملک فہد : یہ راستہ منیٰ میں وادی کی مغربی سمت سے داخل ہوتا ہے ۔ شیشہ اور طریق الحج کے علاقوں میں رہنے والے عازمینِ حج اس راستے سے منیٰ میں داخل ہوتے ہیں۔

مدخل کبری الملک خالد : یہ راستہ منیٰ میں جنوب کی طرف سے مسجدِ خیف کے قریب سے داخل ہوتا ہے ۔ عزیزیہ میں سوق السلام ، راجحی سینٹر اور دیگر قریبی علاقوں میں رہائش پذیر عازمینِ حج اس راستے سے منیٰ میں داخل ہوتے ہیں۔

مدخل کبری الملک عبدالعزیز : یہ راستہ بھی منیٰ میں جنوب کی طرف سے داخل ہو کر منیٰ کے عین درمیان سے گزرتا ہے ۔ لہذا زیادہ تر عازمینِ حج منیٰ میں داخل ہونے کے لئے یہ راستہ اختیار کرتے ہیں۔ عزیزیہ کے مشرقی علاقوں یعنی بن داؤد ، طریق الملک عبداللہ اور طریق عبداللہ خیاط کے ارد گرد رہائش پذیر عازمینِ حج اس راستہ سے منیٰ میں داخل ہوتے ہیں۔

مدخل کبری الملک فیصل :  یہ راستہ بھی منیٰ  میں جنوب کی سمت سے ہی داخل ہوتا ہے لیکن چونکہ یہ منیٰ  کے انتہائی مشرقی کنارے سے منیٰ میں داخل ہوتا ہے لہذا کم لوگوں کے زیر ِاستعمال آتا ہے۔