مشاعر مقدسہ کا تعارف

مشاعر مقدسہ ( منی ، مزدلفہ ، عرفات ) میں لگے رہنمائی کے لئے بورڈ

مشاعر مقدسہ اور مکہ مکرمہ میں عازمینِ حج کی رہنمائی کے لئے سڑکوں ، ہسپتالوں مسجدوں اور دیگر اہم مقامات کی نشاندہی کے لئے کئی قسم کے بورڈ لگائے جاتے ہیں ان بورڈوں کو عربی زبان میں لوحات کہا جاتا ہے ان میں سے چند اہم قسم کے بورڈ  درج ذیل ہیں :

حدود بورڈ:        یہ بورڈ بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں اور یہ منی مزدلفہ اور عرفات کی حدود کا تعین کرتے ہیں یہ بورڈ مشاعر مقدسہ کی حدود کے آغاز اور اختتام پر لگائے جاتے ہیں منی کی حدود کو ظاہر کرنے کے لئے بنفشی رنگ ، مزدلفہ کے لئے جا منی رنگ جبکہ میدان عرفات کی نشاندہی کے لئے پیلے رنگ کے بورڈ لگائے گئے ہیں ان تمام مقامات کی حدود کے آغاز پر بدایہ ( یعنی ابتدا ) لکھا ہوتا ہے اور حدود کے خاتمے والے بورڈ پر نہایہ ( یعنی انتہا ) لکھا ہوتا ہے یاد رکھیئے اگر آپ کو بدایہ عرفات ، کا بورڈ کا نظر آ رہا ہے تو آپ اس وقت میدان عرفات کی حدود سے باہر ہیں اور اگر آپ کو نہایہ عرفات کا بورڈ نظر آ رہا ہے تو آپ عرفات کی حدود کے اندر موجود ہیں ، یہی بات مزدلفہ اور منی میں حدود کی نشاندہی کرنے والے بورڈوں کے لئے بھی درست ہے ۔

سڑکوں کی نشاندہی کے بورڈ :      تمام اہم سڑکوں پر مختلف قسم کے بورڈ لگائے جاتے ہیں جن سے اس سڑک پر آنے والے اہم مقامات کے فاصلے اور اس سڑک سے دائیں بائیں جانے والی سڑکوں کے نام وغیرہ کا پتہ چلتا ہے عازمینِ حج اپنی منزل کے لئے درست راستے کا انتخاب کرتے وقت ان بورڈوں سے رہنمائی لے سکتے ہیں یعنی آپ سڑک پر جا رہے ہیں اس سڑک پر آگے اور دائیں اور بائیں جانے والی سڑکوں پر کون سے اہم مقامات کتنے فاصلے پر آئیں گے ۔

قبلہ سمت بورڈ :  یہ بورڈ منی ، مزدلفہ اور عرفات میں قبلہ کی سمت ظاہر کرنے کے لئے  لگائے گئے ہیں ان مقامات میں نماز کی ادائیگی سے قبل اتجاہ قبلہ کے بورڈکو دیکھ کر قبلے کی سمت کا درست تعین کر لیں۔