حج کا طریقہ

طواف وداع

میقات سے باہر  رہنے والوں پر واجب ہے کہ جب وہ مکہ معظمہ سے رخصت ہونے لگیں تو رُخصتی کا طواف کریں اور یہ حج کا آخری واجب ہے، آپ کا حج  ‘‘ حج اِفراد‘‘  ہو’’ قِران ‘‘ ہو  یا ‘‘تمتع‘‘ ہر صورت میں آپ پر طوافِ ودا ع واجب ہے۔

اگر آ پ میقات سے باہر رہنے والے ہیں اور طوافِ زیارت کے بعد اگر آپ نے نفلی طواف بھی کر لیا ہے، تو طوافِ وداع ہو گیااور اگر طوافِ وداع کے بعد کسی ضرورت سے مکہ میں ٹھہر گئے تو چلتے وقت طواف ِ وداع دوبارہ کر لینا مستحب ہے۔ طواف وداع کا وقت طوافِ زیارت کے بعد شروع ہو جاتا ہے اور اختتام کا کوئی وقت مقرر نہیں ، جب تک مکہ میں مقیم ہیں یہ طواف کر سکتے ہیں۔ طوافِ  وداع میں رمل نہ کریں اور طواف کے بعد دو رکعت  واجب الطواف پڑھیں، اس کے بعد خوب سیر ہوکر زم زم پئیں اور اپنے سینہ اور جسم پر لگائیں، اگر ہو سکے تو ملتزم سے چمٹ کر اور ممکن ہو تو خانہ کعبہ کا غلاف پکڑ کر روتے ہوئے نہایت عاجزی سے دُعا مانگیں  اور  اللہ اکبر کہہ کر خانہ کعبہ سے جدائی پر اظہارِ افسوس کریں۔

اس آخری طواف کے موقع پربھی جو کچھ چاہیں مانگیں۔ دل کھول کر اپنے لئے  دعائیں مانگیں، مغفرت ، تندرستی ، سلامتی ، ایمان، حج اور کاروبار میں برکت، خاتمہ بالخیر ، غرض جو بھی مرادیں ہوں ، اپنے لئے  اور اپنے رشتہ داروں کے لئے  اور سب جاننے والوں اور پوری امّت کیلئے مانگیں۔

اَلحمدللہ حج  کےسارے کام انجام پا گئے۔ اللہ تعالی کا شکر ادا کیجیے کہ اس نے آپ کو زندگی کا اتنا بڑا اعزاز بخشا۔ اپنے گھر میں بلایا ، اپنے در کو چھونے کا موقع دیا، میدان عرفات میں قیام کی سعادت عطا کی ۔

مناسکِ حج پر ایک  نظر

حج کا پہلا دن

 8 ذو الحجہ


مکہ سے منیٰ روانگی، منیٰ میں ظہر،عصر، مغرب، عشاء پڑھنی ہیں،

رات منیٰ میں قیام کرنا ہے

حج کا دوسرا دن

9ذو الحجہ

فجر کی نماز منیٰ میں ادا کر کے عرفات کو روانگی، ظہراورعصر کی نمازیں عرفات میں پڑھنی ہوگی، وقوفِ عرفات ہوگا، غروب آفتاب کےبعد مغرب کی نماز پڑھے بغیر مزدلفہ کو روانگی، مغرب اور عشاء کی نمازیں عشاء کے وقت مزدلفہ میں ادا کرنی ہیں اور  مزدلفہ میں قیام کرنا ہے

حج کا تیسرا دن

10ذو الحجہ

مزدلفہ میں فجر کی نماز کے بعد وقوف مزدلفہ اور منیٰ روانگی ،

بڑے جمرہ کو کنکریاں مارنا، قربانی کرنا، سر کے بال منڈوانا یا کتروانا

احرام کھول دینا، طوافِ زیارت، سعی،رات منیٰ میں قیام

حج کا چوتھا دن

11ذو الحجہ

زوال کے بعدمنیٰ میں چھوٹے ،  درمیانے اور بڑے جمرہ  کو بالترتیب کنکریاں مارنا  ۔طوافِ زیارت اگر کل نہیں کیا تھا تو  آج کر لیں، رات منیٰ میں قیام

حج کا پانچواں دن

12ذو الحجہ

زوال کے بعدمنیٰ میں چھوٹے ،  درمیانے اور بڑے جمرہ  کو بالترتیب کنکریاں مارنا  ۔طوافِ زیارت  اگر نہیں کیا تھا تو  آج غروب آفتاب  سے پہلے ضرور کر لیں۔ غروبِ آفتاب سے پہلے منیٰ چھوڑ دیں ورنہ 13ذی الحجہ کی رمی کر کے مکہ مکرمہ آجائیں ۔