زیارتِ مدینہ منورہ

خواتین کیلئے روضہ مبارک کی زیارت کے آداب

خواتین کیلئے روضۂ مبارک پر سلام پڑھنے کے تین اوقات معین ہیں اور انہی کے مطابق مسجد میں خواتین ہال سے ملحقہ دروازہ کھولا جاتا ہے۔ یہ اوقات اشراق، ظہر اور عشاء کے بعد ہیں۔ خواتین کیلئے زیارتِ روضۂ رسول پر جانے کا راستہ باب عثمانؓ (باب نمبر 25) اور بابِ علی ؓ (باب نمبر 28)کے اندر سے ہے۔ علاوہ ازیں خواتین کی نماز کی جگہ بابِ عمرؓ بن خطاب اور بابِ ملک عبدالمجیدکے اندر والے ہال میں بھی ہے لیکن وہاں سے زیارت کیلئے نہیں جایا جا سکتا ۔ سعودی حکومت کی طرف سے خواتین کو روضۂ مبارک کی حاضری اور ریاض الجنۃ میں نوافل کی ادائیگی کیلئے گروپ کی شکل میں لے جانے کے انتظامات کیے گئے ہیں جو انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔ مختلف ممالک سے ایک جیسی زبان بولنے اور سمجھنے والی خواتین کے گروپ بنائے جاتے ہیں اور ان کی قیادت کرنے والی خواتین انہی کی زبان میں ان کی رہنمائی کرتی ہیں۔ ترتیب وار ایک ایک گروپ کو مسجد کے اس حصے میں لے جایا جاتا ہے جہاں سے روضہ مبارک پر سلام پڑھا جا سکتا ہے اورریاض الجنۃ میں نفل ادا کیے جا سکتے ہیں۔ اسی دوران یہ رہنما خواتین روضۂ مبارک اور مسجد نبوی  کی زیارت کے آداب، درود کے فضائل اور دیگر احکام بتاتی رہتی ہیں۔ اپنے متعلقہ گروپ میں رہتے ہوئے بغیر افرا تفری اور پریشانی کے یہ مرحلہ طے ہو جاتا ہے۔

سات ستون : یوں تو مسجد نبوی کی ہر جگہ بابرکت ہے،  مگر ریاض الجنتہ کے وہ سات ستون جنھیں سنگ مرمر کے کام اور سنہری مینا کاری سے نمایاں کر دیا گیا ہے خاص طور پر قابل ذکر ہیں یہ سات ستون روضہ انور ﷺ کی مغربی دیوار کے ساتھ سفید رنگ کے ذریعہ ممتاز کیے گئے ہیں ۔

ستون حنانہ :         یہ محراب النبی ﷺ کے قریب ہے نبی کریم ﷺ اس ستون کے پاس کھڑے ہو کر خطبہ ارشاد فرمایا کرتے تھے یہیں وہ کھجور کا درخت دفن ہے جو لکڑی کامنبر بن جانے کے بعد آپ ﷺ کے فراق میں بچوں کی طرح رویا تھا ۔

ستون عائشہ صدیقہ :          ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میری مسجد میں ایک ایسی جگہ ہے کہ اگر لوگوں کو وہاں نماز پڑھنے کی فضلیت کا علم ہو جائے تو وہ قرعہ اندازی کرنے لگیں (طبرانی)  اس جگہ کی نشاندہی حضرت عائشہ صدیقہ ؓ نے فرمائی تھی اب وہاں ستون عائشہ بنا دیا گیا ہے ۔

ستون ابولبابہ:        ایک صحابیؓ حضرت ابولبابہؓ کا قصور اس جگہ معاف ہوا تھا انھوں نے اپنے آپ کو ستون کے ساتھ باندھ لیا تھا۔

ستون وفود:          اس جگہ نبی کریم ﷺ باہر سے آنیوالے وفود سے ملاقات فرماتے تھے ۔

ستون سریر :         اس جگہ نبی کریم ﷺ اعتکاف فرماتے تھے اور رات کو یہیں آپ ﷺ کے لئے  بستر بچھا دیا جاتا تھا ۔

ستون حرس:         اس مقام پر حضرت علی ؓ اکثر نماز پڑھا کرتے تھے اور اسی جگہ بیٹھ کر سرکار دو عالم ﷺ کی پاسبانی کیا کرتے تھے اس کو ستون علیؓ بھی کہتے ہیں -

ستون تہجد :          نبی کریم ﷺ اس جگہ تہجد کی نماز ادا فرمایا کرتے تھے ۔

یہ تمام ستون اس حصہ مسجد میں ہیں جو حضور اقدس ﷺ کے زمانے میں تھی۔جب بھی موقع ملے ان کے پاس سنن و نوافل ادا کیجئے یہ وہ متبرک مقامات ہیں جہاں نبی کریم ﷺ کی نگاہ کرم پڑ چکی ہے ۔